وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری اب خلائی تعاون کے ایک نئے اور جدید دور میں داخل ہو چکی ہے۔ اس تعاون کا واضح مظہر پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ پر شینژو-24 مشن میں شرکت ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر نے چائنا ڈیلی میں شائع ہونے والے اپنے ایک خصوصی مضمون میں کہی۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد اور سائنسی و تکنیکی شعبوں میں اشتراکِ عمل اب خلا کی وسعتوں تک پہنچ چکا ہے، جو دونوں قوموں کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے دونوں ملکوں کو ایک مضبوط تزویراتی شراکت داری میں منسلک کیا ہے۔ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور انفراسٹرکچر پر توجہ دی گئی، جبکہ اب دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق، خلائی شعبے میں پاک چین تعاون ان ترجیحات کو مزید تقویت دے سکتا ہے۔ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹرانسپورٹ راہ داریوں کی نگرانی، سیلاب کے خطرات کا بروقت جائزہ، زرعی منصوبہ بندی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے خلائی سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کا آغاز 7 جون 1962 کو سونمیانی سے رہبر-ون راکٹ کے کامیاب تجربے سے ہوا تھا۔ اس کے بعد سے پاکستان نے خلائی سائنس میں کئی سنگ میل عبور کیے، جن میں 2011 میں پاک سیٹ-1 آر، 2018 میں پی آر ایس ایس-1 اور پاک ٹیس-1 اے جبکہ 2024 میں پاک سیٹ-ایم ایم ون کی کامیاب لانچنگ شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 میں پاکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی اور چین کی شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کردہ آئی کیوب قمر، چین کے چانگ ای-6 مشن کے ذریعے چاند کے مدار تک پہنچا۔ اس منصوبے نے پاکستانی طلبہ اور انجینئرز کو خلائی تحقیق میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کیا۔
فروری 2025 میں طے پانے والے انسانی خلائی پرواز کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے مزید مواقع کے دروازے کھولتا ہے۔ پاکستانی جامعات کو چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سائنسی تجربات، جدید آلات اور تحقیقاتی منصوبوں پر کام کرنا چاہیے تاکہ نوجوان سائنس دانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سمت میں چین کے چانگ ای-8 مشن میں پاکستانی روور کی مجوزہ شمولیت ایک عملی پیش رفت ہے۔ اس منصوبے کے تحت آلات کی تیاری، چاند کے سخت ماحول میں ان کی جانچ اور دور سے آپریشن کے تجربات پاکستانی ٹیموں کو مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے تیار کریں گے۔
خلائی ٹیکنالوجی کے فوائد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ری ڈار ٹیکنالوجی بادلوں کی موجودگی میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی نقشہ سازی میں مدد کر سکتی ہے۔ سیٹلائٹ معلومات کو زمینی ڈیٹا کے ساتھ یکجا کرکے امدادی کارروائیوں اور زرعی نقصانات کے جائزے کو انتہائی مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خلائی تحقیق 'اڑان پاکستان' کے وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آپٹکس اور جدید میٹریلز کے شعبوں میں ترقی کے امکانات پیدا کر سکتی ہے۔ مشترکہ تحقیق اور جدید تجربہ گاہوں تک رسائی سے پاکستانی کمپنیوں کی خلائی منصوبوں میں شمولیت بڑھے گی، جس سے مقامی صنعتی صلاحیتوں میں اضافہ اور برآمدی مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خلائی ایجنسی، جامعات، صنعتی اداروں اور صوبائی محکموں کو مشترکہ منصوبہ بندی کے ذریعے ہر خلائی مشن کے قابلِ عمل نتائج کا تعین کرنا چاہیے۔ محمد ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت پاکستان کے نوجوانوں کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے خواب دیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔
آخر میں وفاقی وزیر نے علامہ اقبال کے شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شین ژو-24 مشن کو پاکستان کی نئی نسل کے لیے خلائی سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے اور مستقبل کے اہداف حاصل کرنے کی تحریک بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی ادارے اور جدید تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ پاکستان کے اپنے خلائی مشنز میں اہم کردار ادا کر سکیں۔





اپنی رائے دیں