کیمبرج ڈکشنری نے لفظ ’’ہیومن‘‘ یعنی انسان کو سال 2026 کا بہترین لفظ قرار دیا ہے، جس سے مراد انسانوں کی وہ خصوصیات، خامیاں اور احساسات ہیں جو انہیں دیوتاؤں، جانوروں یا مشینوں سے ممتاز کرتے ہیں۔
یہ اعلان لندن میں کیا گیا جہاں ادارے کے مطابق بنگلہ دیشی خبر رساں ایجنسی کے توسط سے سامنے آنے والے رجحانات میں مصنوعی ذہانت کے تیزی سے پھیلتے ہوئے استعمال کا ذکر کیا گیا۔
کیمبرج یونیورسٹی پریس کی بورڈ رکن فرانسسکا ووڈورڈ نے کہا کہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران لوگوں نے خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے باعث ملازمتوں کے متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر اس بات پر سنجیدگی سے غور کیا ہے کہ انسان ہونے کا حقیقی مطلب کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈکشنری کے ماہرین نے اس لفظ کے استعمال میں ایسے مرکب الفاظ کے ذریعے بھی اضافہ دیکھا ہے جن میں ہیومن میڈ یعنی انسانوں کی تیار کردہ اور ہیومن آتھر یعنی انسانی مصنف شامل ہیں۔
کیمبرج یونیورسٹی کے فلسفہ سائنس کے ماہر ٹام میک کلیلینڈ نے اس فیصلے کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت انسانیت کے بارے میں ہماری سمجھ تبدیل ہو رہی ہے اور دنیا یہ سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے کہ انسانی ذہن اور مصنوعی ذہن میں کیا فرق ہے۔
انسان ہونے کے مفہوم پر جاری اس بحث میں دنیا کے مختلف رہنماؤں اور نمایاں شخصیات نے حصہ لیا جن میں پوپ لیو چہاردہم، بل گیٹس، کلاسیکی ادب کی ماہر میری بیئرڈ اور اداکارہ کیٹ بلانشیٹ شامل ہیں۔
سال کے بہترین لفظ کے لیے دیگر امیدواروں میں ایجنٹ بھی شامل تھا جس سے مراد ایسا مصنوعی ذہانت کا نظام ہے جو انسانی کنٹرول کے بغیر پیچیدہ کام انجام دے سکتا ہے۔
اسی طرح ہولسم بھی اس فہرست میں امیدوار تھا جس کا مطلب ایسی چیز ہے جو جسمانی، اخلاقی یا جذباتی طور پر انسان کے لیے فائدہ مند ہو اور اس کی زندگی بہتر بنائے۔
ڈسکنگ بھی اس فہرست میں شامل تھا جس سے مراد ذہنی سکون اور تفریح کے لیے دن کی روشنی کو اندھیرے میں تبدیل ہوتے دیکھنا ہے جو ایک ڈچ روایت کے طور پر فروغ پائی۔
کیمبرج ڈکشنری میں رواں برس کے دوران شامل کیے جانے والے دیگر نئے الفاظ میں آورا فارمنگ بھی شامل ہے جس سے مراد ایسے انداز میں کام کرنا ہے جس سے شخصیت دوسروں کے لیے متاثر کن بنے۔
لکس میکسنگ کا مطلب اپنی جسمانی کشش کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوشش کرنا ہے جبکہ ڈکشنری کے مطابق ان الفاظ کا انتخاب مختلف معیارات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
لغت نے آئندہ سال کے لیے زیرِ غور رہنے والے الفاظ میں فوبو کو بھی شامل کیا ہے جس سے مراد مصنوعی ذہانت کے باعث اپنی ملازمت یا پیشہ ورانہ اہمیت ختم ہونے کا خوف ہے۔
ایک اور ممکنہ لفظ ویدر وہپ لیش ہے جس سے مراد موسم کی ایک انتہائی کیفیت سے دوسری انتہائی کیفیت میں تیزی سے تبدیلی آنا ہے۔
گزشتہ سال کیمبرج ڈکشنری نے پیرا سوشل کو سال کا بہترین لفظ قرار دیا تھا جو کسی ایسی معروف شخصیت یا افسانوی کردار سے تعلق کا احساس ظاہر کرتا ہے جسے انسان ذاتی طور پر نہیں جانتا۔





اپنی رائے دیں