پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران شدید بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کی شام ڈسکہ روڈ پر قائم فراز سپورٹس سٹیڈیم میں پیش آیا جہاں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پر کار، موٹر سائیکلوں اور دیگر بیش قیمت انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو تقریب میں مدعو کیا تھا۔
درج ہونے والی ایف آئی آر میں نو نامزد اور 45 نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جن پر قتل بال سبب اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریب کے دوران اچانک بھگدڑ مچنے سے عقیل نامی شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منتظمین کو صرف چار دیواری کے اندر نجی فنکشن کا این او سی جاری کیا گیا تھا جسے شرائط کی خلاف ورزی پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مسٹر پتلو سمیت دیگر مفرور افراد کی تلاش جاری ہے۔


اپنی رائے دیں