وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کی توسیع اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سفری سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے لاہور اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے ماسٹر پلانز کے تحت توسیعی منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ توسیعی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائی جائے اور ان اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کروائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کو ایئر کارگو کا مرکز بنانے کے لیے ایئر کارگو ویلیج پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹس پر سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عملے کو اعلیٰ سروس ڈیلیوری کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ ایک سال کے دوران مقامی پروازوں کی بحالی کے لیے ملک بھر میں 14 ایئرپورٹس کو فعال کیا ہے۔
مسافروں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے بڑے ایئرپورٹس پر کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور بروقت رہنمائی کے لیے پری ڈیپارچر ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، بڑے ہوائی اڈوں پر بارڈر مینجمنٹ کے خودکار نظام یعنی ای-گیٹس کی تنصیب کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر موجود مختلف اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسافروں کے لیے بہترین کیٹرنگ سروسز کا انتظام کیا جائے اور کھانے پینے کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
اجلاس کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر شروع کی گئی 'میٹ اینڈ گریٹ' سروس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
ایک اہم پیش رفت کے طور پر اجلاس میں بتایا گیا کہ حیدرآباد میں موجودہ ہوا بازی کے ادارے کو اپ گریڈ کر کے بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے جس پر فروری 2028 تک کام شروع کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں ایک بین الاقوامی فرم کی جانب سے حال ہی میں مکمل کیے گئے سروے کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں بڑے ایئرپورٹس پر سفری سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا گیا تھا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، ارکان قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، علی زاہد، وزیراعظم کے کوارڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔




اپنی رائے دیں