وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود نے ملاقات کی ہے جس میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت مشترکہ دفاعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یہ اعلیٰ سطحی ملاقات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر عمل میں آئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مکہ دفاعی اتحاد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور معاہدے کی شقوں کے مطابق سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کے مضبوط اتحاد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اس دوسرے اجلاس کے مثبت نتائج پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مملکت سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔
ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرنے والوں میں وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر قومی دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بائرکتار اوغلو شامل تھے جنہوں نے اس اہم اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
اس اجلاس اور ملاقات میں پاکستانی وفد کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے کی۔
ذرائع کے مطابق اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اس دوسرے اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود بھی شریک ہوئے جو اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا اور تینوں برادر ممالک نے قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ بھی الگ سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔





اپنی رائے دیں