وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی ہے، مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں۔ ہمیں پاکستان کو درپیش مسئلے پر توجہ دینی چاہیے اور اس پر کام کرنا چاہیے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی ہم سے مختلف رائے ہے تو ان سے مکالمہ کیا جا سکتا ہے۔ اگر لوگوں کو آنے جانے میں مسئلہ ہے تو مولانا فضل الرحمان سے کہا جا سکتا تھا کہ کیبن اور جنریٹر ہٹا دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کئی بار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ گئے، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی جاتے رہے ہیں۔ ہمیں تو گھر کے باہر وہاں سیکیورٹی کیبن یا جنریٹر رکاوٹ نہیں لگا، اب دوبارہ جا کر دیکھیں گے کہ وہ کیبن اور جنریٹر رکاوٹ ہے یا نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں نے یہ بات کی تھی کہ ضروری نہیں کہ ہم مولانا کی رائے سے متفق ہوں، اختلاف احترام کے ساتھ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے گزارش کی کہ وہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو پائیں۔ جس طرح مولانا چیلنج کرتے ہیں اور توتکار سے بات کرتے ہیں وہ مناسب نہیں، ضرورت ہے کہ وزیراعظم کی سطح سے مداخلت ہو اور دونوں طرف احترام رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم پر ڈیڑھ ماہ ہم سب مولانا فضل الرحمان کے در پر بیٹھے رہے تھے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر مباحثہ ہوا اور پھر اتفاق رائے ہوا۔ 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت بنی تو یہ وہی 26 ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے، پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ ہوگا اور یہ بھی طے ہوگا کہ ریفرنڈم کا سوال کیا ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر قانونی سازی ابھی ہو اور عمل اگلے انتخابات کے بعد ہو تو کیا یہ قابل عمل بات لگتی ہے؟
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں اختیارات وفاق سے صوبوں کو گئے لیکن صوبوں نے اختیارات آگے نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے۔ اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، یہ مسئلہ صوبوں کے ذریعے، چھوٹے یونٹس یا بلدیاتی نظام سے دور ہوسکتا ہے۔ این ایف سی کی طرز پر پی ایف سی ہوجائے، پیسہ یونین کونسل کو ملے تو سارے اختیارات آجائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں سے متعلق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملاقاتوں کا غلط استعمال روک دے تو ملاقاتیں شروع ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جا رہی، ڈاکٹرز جو تجویز کریں گے فوری طور پر عمل ہوگا۔





اپنی رائے دیں