وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والا دو روزہ 99واں پاکستان لرننگ فیسٹیول کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس تعلیمی میلے کا انعقاد وفاقی وزارتِ تعلیم، وفاقی نظامتِ تعلیمات اور ادارہ تعلیم و آگہی کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
فیسٹیول کا انعقاد اسلام آباد گرلز کالج ایف سکس ٹو میں کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع 'امن اور پائیدار ترقی کے لیے تعلیم' رکھا گیا تھا۔ اس تقریب میں 9 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران 119 ماہرین کی نگرانی میں 128 تعلیمی اور تخلیقی سیشنز منعقد کیے گئے۔ ان سیشنز میں بچوں اور نوجوانوں کو جدید سائنسی علوم، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، کہانی نویسی، تھیٹر اور فنونِ لطیفہ کے ذریعے سیکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔
ادارہ تعلیم و آگہی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر بیلا رضا جمیل نے فیسٹیول کی کامیابی کو تمام شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی تعلیمی فروغ کے لیے اس طرح کا تعاون جاری رکھا جائے گا۔
فیسٹیول میں قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ شانگلہ سے آنے والی طالبات کی جانب سے پائیدار ترقی کے موضوع پر پیش کردہ ماڈل کو شرکاء کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
تقریب میں یونیسکو، ملالہ فنڈ، نیشنل بک فاؤنڈیشن، بینک آف پنجاب اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے تعاون فراہم کیا۔ سائٹ سیورز کی جانب سے بچوں کی بینائی کے مفت معائنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
اختتامی تقریب کے موقع پر فوزیہ سعید، سرور محی الدین، ڈاکٹر احتشام انور، رفعت جبین اور محمد کامران جہانگیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور ماہرین میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔ منتظمین نے اسلام آباد گرلز کالج کی پرنسپل شازیہ شمیم رضوی اور ان کی انتظامیہ کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔





اپنی رائے دیں