جاپان فٹ بال ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر کوزو تاشیما نے فیفا کی صدارت کے لیے باضابطہ طور پر اپنی امیدواری کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ 18 مارچ 2027 کو مراکش کے شہر رباط میں ہونے والے انتخابات میں موجودہ صدر گیانی انفینٹینو کے مدمقابل ہوں گے۔
68 سالہ کوزو تاشیما، جو سابق بین الاقوامی فٹ بالر اور کوچ رہ چکے ہیں اور 2015 سے فیفا کونسل کا حصہ ہیں، نے جمعرات کو اپنی نامزدگی کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی میں دیانتداری اور اعلیٰ اخلاقی معیارات لانا چاہتے ہیں۔
کوزو تاشیما کو جاپان فٹ بال ایسوسی ایشن کے بورڈ کی متفقہ حمایت حاصل ہے۔ فیفا کے صدارتی امیدوار کے طور پر بیلٹ پیپر میں شامل ہونے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 211 رکن ممالک میں سے کم از کم پانچ کی باضابطہ حمایت درکار ہوتی ہے، جس کے بعد تین رکنی پینل اہلیت کا جائزہ لیتا ہے۔
امیدواروں کی جانب سے اپنی نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ کوزو تاشیما سے قبل سابق ٹو ٹن ہم ہاٹ پور کے کھلاڑی ریمون وی گا بھی صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، تاہم تاشیما کو ایک مضبوط حریف سمجھا جا رہا ہے۔
گیانی انفینٹینو کو حال ہی میں اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب یہ انکشاف ہوا کہ وہ ورلڈ کپ کے مستقبل کے منافع کے حصص نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ جولائی میں شدید عالمی ردعمل کے بعد اس منصوبے کو ترک کر دیا گیا تھا۔
کوزو تاشیما نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے دنیا کے سامنے جاپانی فٹ بال کی دیانت دارانہ اور شفاف اقدار کو اجاگر کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مقابلہ صرف جیت یا ہار کا نہیں بلکہ فٹ بال کے بہتر مستقبل کے لیے ایک پیغام ہے۔
اگرچہ گیانی انفینٹینو کو ایشین فٹ بال کن فیڈریشن سمیت کئی خطوں کی حمایت حاصل ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ کوزو تاشیما کو یورپی اور شمالی امریکی فیڈریشنز کی جانب سے حمایت مل سکتی ہے جو فیفا کی قیادت میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔




اپنی رائے دیں