Home / پاکستان / پرویز الٰہی نےساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت ، مرکزی صدر بنایا جائیگا

پرویز الٰہی نےساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت ، مرکزی صدر بنایا جائیگا

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ق) کو خیر باد کہہ کر اپنے صاحبزادوں اور ساتھیوں سمیت باضابطہ طو رپر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ، چودھری پرویز الٰہی کو تحریک انصاف میں مرکزی صدر کا عہد ہ دیا جائے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے زمان پارک میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کر کے شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اور چوہدری پرویزالٰہی کے ساتھی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں نے چودھری پرویز الٰہی کو تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی ۔ اجلاس میں سینئر قیادت کی جانب سے چودھری پرویزالٰہی کو تحریک انصاف کا مرکزی صدر مقر کرنے کی بھی سفارش کر دی گئی ہے ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے فواد چوہدری ،مسرت جمشید چیمہ اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان اور تحریک انصاف کی ساری لیڈر شپ کا دل کا احترام کرتا ہوں ،ہم نے بے پناہ مشکلات کے باوجود ہر مشکل وقت میں عمران خان اور ان کی جماعت کا ساتھ دیا ۔ ہماری خواتین اراکین اسمبلی سمیت دیگر رہنمائوں پر مقدمات درج کئے گئے لیکن ہم اس کے باوجود ڈٹ کر کھڑے ہیں ، ہم نے کارکردگی کے حوالے سے ڈلیور کر کے دکھایا ہے ، مجھے وزیر اعلیٰ شپ کے چھ ماہ ملے اس میں ہم نے ختم نبوت اور دین کے حوالے سے کام کیا ،ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے کام کیا جسے شہباز شریف نے اب بند کر دیا ہے ،ہسپتالوں کے حوالے سے وہ بہتری لے کر آئے جو اس سے پہلے آج تک نہیں ہوئی تھی ،اللہ نے ہمیں آئندہ بھی موقع دیا تو خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ہمارا اور عمران خان کا ساتھ ہمیشہ کے لئے ہوگا ۔ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے پاکستان کا اورپنجاب کا فائدہ ہوگا اور اپنے ساتھیوں کو مضبوط کریں گے ، کوئی ایسا کام نہیں ہوگا جس سے ہماری جماعت کو پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جتنی رفتار سے عوامی فلاح و بہبود کے کام ہوئے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی لیکن شہباز شریف نے ہر کام روک دیا ہے اور بند کر دیا ہے ، ہر وہ سرک جو ترقی کی سڑک تھی ، دیہاتوں سے مارکیٹ تک شاہراہوں کا منصوبہ تھا اسے بھی روک دیا گیا ، شہباز شریف نے ساری زندگی ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے عام آدمی اور غریبوں کی بہتری ہو ئی ۔انہوںنے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات اور پی ٹی آئی کے سخت رویے کے حوالے سے کہا کہ ہم ایسا موقع نہیں آنے دیں گے جس سے معاملات اور حالات خراب ہوں ۔انہوںنے اس سوال کہ آپ کے اسٹیبلشمنٹ سے بھی تعلقات ہیں کیا آپ ان کے کہنے پر شامل ہو رہے ہیں کا جواب دیتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ پھر تو یہ اچھی خبر ہے ۔ میری صلح کی کوشش ہوتی ہے کہ سب کو اکٹھا کریں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کے مرکزی صدر کے عہدے کا کہہ دیا ہے ۔جو پارٹی کی خواہش ہو گی جو عمران خان ہمارے لیڈر کی خواہش ہو گی اس کے مطابق کام ہو گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی ،حسین الٰہی اور باقی لوگ اب یہ پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہوں گے، عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی جدوجہد میں نئے ساتھی شامل ہوئے ہیں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں ان کا یہ سفراچھاہوگا، ہم منزل کی جانب بڑھیں گے جس کی قیادت عمران خان کے پاس ہے اور ان کی سربراہی میں نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پرویز الٰہی اور ان کے دوستوں نے جو تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا رہنے کے لئے قربانیاں دی ہیں وہ بے پناہ ہیں،ڈیڑھ ہفتہ ہوگیا ہے محمد خان بھٹی کا کچھ پتہ نہیں ہے ،ضیغم گوندل جو مونس الٰہی کے کزن ہیں ان کا کچھ پتہ نہیں ہے ،لاہور ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عامر راں کو چھ دن غائب رکھا گیا ہے ، اراکین اسمبلی پربد ترین دبائو ڈالا گیا لیکن سارے لوگ سیسہ پلائی دیوار کے ساتھ پرویز الٰہی کے ساتھ اور پرویز الٰہی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے ، اس کا سارا کریڈٹ پرویز الٰہی اور ان کے ساتھیوں کا ہے جنہوںنے مشکل صورتحال میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور ہم نے بھی اسی طرح سے ان کا ساتھ دینا ہے ، ان کی طرف سے پہلا قدم لے لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو تحریک انصاف کاصدر بنانا ہے اور اس کے لئے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ نے منظوری دیدی ہے اور جو ہماری پارٹی کا آئین ہے ہم اس کے آگے چلیں گے اور اس پر عملدرامد ہوگا۔ انہوںنے پرویز الٰہی کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات اور پی ٹی آئی کے سخت رویے کے حوالے سے کہا کہ ہم ان کو اپنی پالیسی پر لے آئیں گے۔

User Rating: Be the first one !

About Daily Pakistan

Check Also

نامعلوم افراد کی aاداکارہ مالا کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی جاں بحق

فیصل آباد (غیلی پاکستان آن لائن) نامعلوم افراد نے سٹیج اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ …

Skip to toolbar