شہباز شریف کا بلاول اور مولانا فضل الرحمن کو فون ، بد ترین مہنگائی پر شدیدتشویش کا اظہار
بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قومی رہنماؤں مولانا فضل الرحمن ، بلاول بھٹو زر داری و دیگر سے ٹیلی فون پر رابطے کئے جس میں بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ جمعہ کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ۔قائد حزبِ اختلاف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر جان مینگل، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ایمل ولی خان، انس نورانی اور نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر مالک بلوچ کو بھی ٹیلی فون کیا جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی مشترکہ حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔قائدین نے بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا ۔ قائدین نے اتفاق کیاکہ عوام مہنگائی اور اس حکومت کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں، موجود حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں،یہ حکومت رہی تو عوام اور معیشت زندہ نہیں رہے گی۔قائدین میں نیب کے کالے قانون کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ، قائدین نے اتفاق کیاکہ موجودہ کرپٹ ترین حکومت خود کو احتساب سے بچانا چاہتی ہے۔
Home / پاکستان / شہباز شریف کا بلاول اور مولانا فضل الرحمن کو فون ، بد ترین مہنگائی پر شدیدتشویش کا اظہار