نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ن لیگ کا بڑا اعلان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن) نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت مخالف احتجاج لانگ مارچ میں تبدیل ہوا تو اس کیلئے میاں نواز شریف لندن سے وطن واپس آ سکتے ہیں۔یہ اہم انکشاف مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کے تحت آج حکومت کیخلاف احتجاج کیا جائے گا۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ابھی پرامن احتجاج کا فیصلہ کیا ہے لیکن اگر اسے لانگ مارچ میں بدلا گیا تو اس کی قیادت میاں شہباز شریف اور مریم نواز کریں گی جبکہ اس اہم مرحلے میں پارٹی قائد نواز شریف کی بھی وطن واپسی ہو سکتی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے ایک اہم اجلاس میں حکومت کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ حمزہ شہباز شریف کے زیر صدارت ہونے اس اجلاس میں پارٹی عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور اراکین اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پارٹی قیادت کا بھرپور ساتھ دینے کا عہد کیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، اگر لانگ مارچ کی ضرورت پڑی تو مریم یا شہباز شریف اس کی قیادت کرینگے جبکہ اسلام آباد پہنچے پر نواز شریف بھی وطن واپس آ سکتے ہیں۔