امریکی ریاست واشنگٹن میں فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر ٹاکوما میں فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دوپہر کو ہونے والی فائرنگ کے حوالے سے ٹاکوما پولیس ڈیپارٹمنٹ نے امریکی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے ٹوئٹر پر بتایا کہ دو خواتین اور ایک مرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مرد کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا۔اس کے بعد ساڑھے چھ بجے پولیس نے ٹویٹ کی کہ ہسپتال لے جائے جانے والے شخص کی بھی موت واقع ہوگئی۔پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والے افراد بالغ نظر آرہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ شہر کے مشرقی علاقے کے قریب ایوریٹ سٹریٹ کے 4200 بلاک پر ہوئی۔پولیس کی ترجمان وینڈی ہیڈو نے بتایا کہ فائرنگ ایک رہائش گاہ کے پیچھے ایک گلی میں ہوئی اور اور مرنے والا ایک شخص رہائش گاہ کے سامنے والی گلی میں پایا گیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ لوگ علاقے سے دور رہیں کیونکہ ابھی خطرہ برقرار ہے۔ سراغ رساں اور پولیس کا دوسرا عملہ واقعے کی جگہ پر موجود ہیں۔تاہم مزید معلومات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔