چند افسران ،عملہ کالی بھیڑیں ضرور ہو سکتے ہیںجو محکموں کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہوتے ہیں’ سابق صدر لاہو ر ٹیکس بار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جمیل اختر بیگ نے وفاقی وزیر خزانہ کی کمالیہ میں کی گئی پریس کانفرنس سے ایسا محسوس ہور ہا تھا جیسے وہ ایف بی آر کے خلا ف چارچ شیٹ پیش کر رہے ہیں،ادارے کرپٹ نہیں ہوتے بلکہ ان میں موجود چند افسران اور عملہ کالی بھیڑیں ضرور ہو سکتے ہیںجو محکموں کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہوتے ہیں، وزیر خزانہ کو ایسے افسران اور عملے کے گرد شکنجہ کسنا چاہیے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لاکر عبرت کا نشان بنانا چاہیے نہ کہ پورے ادارے کو کرپٹ قرار دیدیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیر خزانہ یہ وضاحت کریں کیا وزیر اعظم ایف بی آر کے کرپٹ افسران کو انعامات سے نواز رہے ہیںاور تعریفی سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں؟۔ایف بی آر کے محکمے کو کرپٹ کہہ کر ایمانداری سے کام کرنے والے افسران اور عملے کی تضحیک کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ ایف بی آر کے نظام کو آٹو میشن پر منتقل کیا جائے تاکہ ٹیکس افسران ، عملے اور ٹیکس پیئرز میں کم سے کم آمنا سامنا ہو ۔انہوںنے کہاکہ ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا عوام کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ پوراکرنے میں یکسر ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کی بجائے ان میں اصلاحات کی جائے ،جو ادارے سفید ہاتھی کی صورت اختیار کر چکے ہیں انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے چلایا جائے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
