کرکٹ گراؤنڈ اسٹاف کاعمران خان سے روزگار کا مطالبہ
کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ختم ہو گئی ہیں، کورونا وائرس نے ہماری مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، شوکت علی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی وبا کورونا کے باعث بند کرکٹ گراؤنڈ کے اسٹاف نے عمران خان سے روزگار دینے کا مطالبہ کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے گراؤنڈ مین شوکت نے کہا کہ سات ماہ سے بے روزگار ہیں، فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔گراونڈز مین کا کہنا ہے کہ پیٹرن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) وزیر اعظم عمران خان ہمیں نوکریوں پر بحال کریں، پی سی بی سے درخواست ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کو مکمل نافذ کریں۔
گراونڈ اسٹاف نے کہا کہ نہ صوبائی اور سٹی ایسوسی ایشنز بنیں اور نہ ہمیں دوبارہ نوکری ملی۔گراونڈ مین شوکت نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ختم ہو گئی ہیں، کورونا وائرس نے ہماری مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے بعد پی سی بی نے سیکڑوں گراؤنڈ اسٹاف سے معاہدے ختم کر دیئے ہیں۔