پاکستان، ترکی اور افغانستان ”سہ فریقی انگیجمنٹ“جاری رکھیں گے، شاہ محمود قریشی
افغان وزیر خارجہ کے ساتھ معمولی جرائم کی پاداش میں افغانستان کی جیلوں میں قید ”پاکستانی قیدیوں“کی رہائی کا نکتہ اٹھایا،وزیر خارجہ
اسلام آباد اپریل 25 (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکی اور افغانستان ”سہ فریقی انگیجمنٹ“جاری رکھیں گے،افغان وزیر خارجہ کے ساتھ معمولی جرائم کی پاداش میں افغانستان کی جیلوں میں قید ”پاکستانی قیدیوں“کی رہائی کا نکتہ اٹھایا۔
اتوار کو ترکی کے دو روزہ دورہ کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میرا ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کی دعوت پر ترکی کے دو روزہ دورے پر استنبول آنا ہوا تاکہ ترکی کی میزبانی میں منعقدہ ”استنبول کانفرنس“میں شرکت کر سکوں،اس کے ساتھ ساتھ سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس بھی رکھا گیا جس میں پاکستان، افغانستان اور ترکی کے وزرا کو شرکت کرنا تھی۔کرونا وبا کی پیچیدہ صورت حال کے باوجود، افغانستان کے مسئلے کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ ضروری سمجھا گیا کہ اس کانفرنس کا انعقاد ہو ۔بدقسمتی سے استنبول کانفرنس طالبان کے شرکت نہ کر سکنے کے باعث منعقد نہ ہو سکی چنانچہ اس کانفرنس کو ملتوی کرنا پڑا ۔لیکن پاکستان، ترکی اور افغانستان، تینوں نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ ہم اپنی سہ فریقی انگیجمنٹ“کو جاری رکھیں ۔
چنانچہ استنبول میں سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا۔ہم نے اس سہ فریقی اجلاس میں افغان امن عمل کے حوالے سے تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ہم نے افغان امن عمل کے بعد کی صورتحال ، افغانستان کی تعمیر نو اور معاشی استحکام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ میری ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اور افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کیساتھ الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں ۔ان ملاقاتوں میں ہمیں دو طرفہ تعلقات پر نظر ڈالنے کا موقع ملا ۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں نئی روح پھونکنے اور سہ فریقی اجلاس کے انعقاد پر، میں ترکی کا خصوصی طور پر شکرگزار ہوں ۔
وزیر خارجہ نے غیر قانونی طور پر قبضہ شدہ جموں و کشمیر کے معاملے پر مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر بھی میں، ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا،ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلے پر ترکی کی حمایت پاکستانیوں اور بالخصوص کشمیریوں کیلئے بہت حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور ترکی کے مابین اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل(HLSCC ) کے آیندہ منعقد ہونیوالے سمٹ لیول اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔
اس سمٹ لیول اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر رجب طیب اردگان شرکت کریں گے۔افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ بھی میری ملاقات بہت سود مند رہی۔ہم نے افغان امن عمل کی تازہ ترین صورتحال اور ویزہ ایشوز پر گفتگو کی۔ میں نے افغان وزیر خارجہ کے ساتھ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا نکتہ اٹھایا – جو خفیف جرائم (petty crimes )کی پاداش میں، افغانستان کی جیلوں میں قید ہیں ۔میں شکر گزار ہوں افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کا ، جنہوں نے مجھے اس معاملے پر مثبت ردعمل دیا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔مجھے استنبول میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کا بھی موقع ملا ،اس کے علاہ میں نے خطے کی صورتحال، ہندوستان کی صورتحال، افغان امن عمل ،افغانستان کی تعمیر نو سمیت بہت سے علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا۔