ٹائیگر فورس ڈے: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 9 اگست کو صوبائی سطح پر منایا جائے گا
عثمان ڈار کی گور نر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات ،سندھ میں بھی ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو متحرک کرنے کا اعلان
اسلام آباد(این این آئی) 9 اگست کو ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریاں،وزیراعظم کی ہدایت پر صوبائی سطح پر اقدامات میں تیزکر نے کا فیصلہ کرلیا گیا اس حوالے سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی جس میں سندھ میں بھی ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ،صوبائی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود صوبے میں ٹائیگر فورس ڈے منایا جائے گا،سندھ میں ٹائیگر فورس کی قیادت گورنر سندھ عمران اسماعیل کریں گے۔
عثمان ڈار نے کہاکہ قومی مفاد کے معاملے میں سندھ حکومت کا عدم تعاون افسوس ناک ہے،وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی تھی کہ معاملے کو سیاست کی نذر نہ کریں۔ عثمان ڈارنے کہاکہ شجرکاری مہم کی سب سے زیادہ ضرورت اس وقت سندھ کے علاقوں میں ہے،ذاتی انا اور ہٹ دھرمی کی بجائے پاکستان اور آنے والی نسلوں کا سوچیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت ٹائیگر فورس رضا کاروں کو تنہاءنہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے ویڑن کے مطابق کلین گرین پاکستان کی سب سے بڑی مہم شروع کریں گے۔گورنر سندھ نے قومی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ گور نر سندھ نے کہاکہ نوجوان رضا کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے،خود ٹائیگر فورس کے ساتھ شجر کاری مہم میں حصہ لوں گا۔