وزیرِ اعظم عمران خان کاجولائی 2020میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں واضح اضافے پر اطمینان کا اظہار
بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرِ اعظم عمران خان نے جولائی 2020میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں واضح اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
پیر کووزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، شہزاد اکبر، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، سیکرٹری خزانہ ، چیئرمین ایف بی آر و دیگر افسران شریک ہوئے ۔اجلاس میں ترسیلات زر اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال اور ان میں مزید اضافے کے لئے مجوزہ تجاویز و اقدامات پر غور کیا گیا ۔جولائی 2020میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں واضح اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بنک کو ہدایت کی کہ ترسیلات زر اور ملکی زر مبادلہ میں اضافے کے لئے مزید اقدامات تجویز کیے جائیں تاکہ اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ ملکی معیشت کے استحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔