وزارت فوڈ سیکیورٹی کا نام تبدیل کرکے ایگریکلچر ڈویلپمنٹ رکھا جائے، معین وٹو کا مطالبہ
کسانوں کو سود کے بغیر قرضہ ملنا چاہئے اگر ایسا ممکن نہیں تو زرعی قرضہ جات پر شرح سود میں کمی کی جائے، قومی اسمبلی میں اظہار خیال
ایوان میں متنازع باتیں ہوتی ہیں،کالا باغ کبھی نہیں بن سکتا ،ڈیم وہی بنے گا جس پر تمام صوبے راضی ہونگے، رفیق احمد جمالی
کالا باغ ڈیم کو اس ایوان میں پھر سے زندہ کرنے کی کوشش کی گئی،کالا باغ ڈیم سے تین صوبوں کی زمین بنجر ہو جائیں گی، مہیش کمار ملانی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) رکن قومی اسمبلی معین وٹو نے کہا ہے کہ وزارت فوڈ سیکیورٹی کا نام تبدیل کرکے ایگریکلچر ڈویلپمنٹ رکھا جائے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وزارت فوڈ سیکیورٹی کا نام تبدیل کرکے ایگریکلچر ڈویلپمنٹ رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کی صورتحال میں واحد شعبہ زراعت ہے جو مکمل طور پر فعال ہے۔ انہوںنے کہاکہ دھان کی فصل آئندہ چند مہینوں میں مارکیٹ میں آنے والی ہے ،دھان کا ریٹ بھی حکومتی سطح پر مقرر ہونا چاہیے،کسانوں کو سود کے بغیر قرضہ ملنا چاہئے اگر ایسا ممکن نہیں تو زرعی قرضہ جات پر شرح سود میں کمی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فصلوں کا براہ راست تعلق قدرتی آفات سے ہوتا ہے،قدرتی آفات کی صورت میں کسان کو ہونیواولے نقصان کا ازالہ کیا جائے،زرعی ٹیوب ویل لگانے کے لیے حکومت کسانوں کو سہولیات فراہم کرے۔
رفیق احمد جمالی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ ایوان میں متنازع باتیں ہوتی ہیں،کالا باغ ڈیم مرا ہووا گھوڑا ہے اس کو زندہ کرنے کی ضرورت نہیں،کالا باغ کبھی نہیں بن سکتا ،ڈیم وہی بنے گا جس پر تمام صوبے راضی ہونگے۔مہیش کمار ملانی نے کہاکہ کالا باغ ڈیم کو اس ایوان میں پھر سے زندہ کرنے کی کوشش کی گئی،کالا باغ ڈیم سے تین صوبوں کی زمین بنجر ہو جائیں گی