نیب عفریت کی طرح سرمایہ داروں کو نگل رہا ہے، ملک کی ترقی کے لیے نیب کو بند کرنا ہوگا، سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد 23 دسمبر (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ نیب کا کاروباری برادری سے کوئی تعلق نہیں اور اسے سرمایہ کاروں کو بلانے کا کوئی اختیار نہیں، ہم نے نیب کو عفریت بنا دیا ہے اور اب اس کو بند کرنا ہوگا۔
اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت میں خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ‘سرمایہ کار اپنے مسائل سینیٹ کو بھیجیں، نیب پر میں نے پوزیشن لی ہے، روزانہ کوئی نا کوئی کال موصول ہوتی ہیں جو نیب کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ لوگ نیب کی وجہ سے امریکا اور یورپ چلے گئے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘نیب کرپشن روکنے کے لیے بنا تھا اور کرپشن سرکاری اداروں میں ہوتی ہے، نیب کا بزنس مین سے کوئی تعلق نہیں اور اسے سرمایہ کاروں کو بلانے کا کوئی اختیار نہیں، ہم نے نیب کو عفریت بنا دیا ہے اور اب اس کو بند کرنا ہوگا’۔
چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘آپ کون ہوتے ہیں درآمدات برآمدات کو دیکھنے والے، نیب کیا آئین سے بالاتر ہے جس کو پارلیمنٹ میں نہیں بلا سکتے، چیئرمین نیب کہتے ہیں یہ سب چور ہیں، یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ سب چور ہیں’۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ‘کسی صورت کاروباری طبقے کو نیب کا شکار نہیں ہونے دوں گا، نیب انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، انسانی حقوق کے اداروں سے نیب پر بات کی تو کہتے ہیں پاکستان بدنام ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘کاروباری طبقے کے لیے موقع ہے کہ وہ کھڑے ہوجائیں، نیب نجی کاروبار میں مداخلت کرنے کے لیے نہیں بنا، چینی سفیر نے کہا کہ نیب کا کردار ختم ہونے تک وہ کوئی معاہدہ نہیں کریں گے’۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘شہزاد اکبر اب پارلیمنٹرین کو بتائیں گے کہ پارلیمنٹ کیسے چلتی ہے، وہ پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت بند کرکے اپنا کام کریں’۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ‘تحریک استحقاق لانا پارلیمنٹرین کا حق ہے اور آپ پارلیمنٹرین کے کام میں مداخلت نہ کریں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘کاروباری برادری کے مسائل حکومت حل نہیں کر رہی، تاجر برادری کے مسائل ہم کمیٹی کے ذریعے حل کریں گے’۔