اسلام آباد: 05 جنوری ( ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان نے کرک میں مندر جلائے جانے کے واقعے پر ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیےکہ مولوی شریف سمیت جن لوگوں نے مندر جلایا ان سے پیسے ریکور کرکے مندر کی تعمیر کی جائے. چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کرک میں مندر جلائے جانے سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت کی جس سلسلے میں آئی جی کے پی ثناءاللہ عباسی اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ثناءاللہ عباسی سے سوال کیا کہ آئی جی صاحب، ساتھ پولیس چوکی ہے، یہ واقعہ کیسے ہوگیا؟ آپ کی انٹیلی جنس ایجنسیاں کیا کررہی تھیں جب اتنے لوگ جمع ہوئے؟ آئی جی کے پی نے عدالت کو بتایاکہ واقعے پر ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت ڈیوٹی پر مامور 92 اہلکاروں کومعطل کیا ہے، واقعے میں ملوث 109 افراد گرفتار ہیں، جمعیت علمائے پاکستان کا اس جگہ پر اجتماع تھا، 6 علماء میں صرف مولوی شریف نے لوگوں کو حتجاج پر اکسایا۔ آئی جی کے جواب پر چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس اہکاروں کو صرف معطل کرنا کافی نہیں ہے، اس واقعے سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جن لوگوں نے مندر کو جلایا ان سے پیسے ریکور کریں، مندر کی تعمیر کے لیے مولوی شریف سے پیسے ریکور کیے جائیں، جب تک ان لوگوں کی جیب سے پیسے نہیں نکلیں گے یہ دوبارہ یہی کام کریں گے۔ چیف سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ کے پی حکومت ہندو سمادھی کو ازسر نو تعمیر کرے گی اور اس کا خرچہ بھی برداشت کرے گی۔
بعد ازاں کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔سپریم کورٹ میں ایک رکنی کمیشن نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں مندر جلانے کے معاملے پر رپورٹ جمع کرادی۔رپورٹ میں کمیشن نے مندر جلانے کی جامع تحقیقات اور وقوعہ سے متعلق تمام شہادتیں اور شواہد اکٹھے کرنے کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وقوعہ کے مرکزی ملزم مولوی شریف نے عوام کو اشتعال دلایا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی جی کے پی کے ذریعے خیبرپختونخوا حکومت پولیس کردارپربھی تحقیقات کرائے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کیلئے ملوث ملزمان کو مثالی سزائیں دی جائیں اور کے پی حکومت، متروکہ وقف املاک مل کرمندرکی زمین پر قبضےکو واگزار کرائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مشتعل افراد نے مندر میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا تھا جس کے الزام میں مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا تھا۔سپریم کورٹ میں کرک میں مندر جلائے جانے سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت کے دوران آئی جی کے پی ثناء اللہ عباسی نے پہلے عدالت میں کہا کہ اس جگہ جمعیت علمائے پاکستان کاجلسہ تھا جسے مولانا فضل الرحمان نے اسپانسرکیا۔