نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم
مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے،پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا،پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا، عمران خان کا اجلاس میں اظہار خیال
اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے،پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا،پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ ہفتہ کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل سپورٹس پالیسی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے، نیشنل سپورٹس پالیسی، اس حوالے سے صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایاگیاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے جسکے تحت بورڈ اور ایگزیکیٹیو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے،بورڈ کے اختیارات و ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضاءکے قیام کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔ بتایاگیاکہ آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے،نیا آئینی مسودہ سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے۔ بتایاگیاکہ مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں رجسٹریشن، الیکشن کا طریقہ کار، ماڈل کانسٹی ٹیوشن، ریگیلیٹری فریم ورک اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ آرگنائیزیشن آف پاکستان شامل ہیں۔ اجلاس کو صوبوں سے نیشنل سپورٹس پالیسی کی تیاری کے حوالے سے مشارت کے بارے بھی بتایا گیا۔ بتایاگیاکہ صوبوں سے تعاون و روابط بڑھا کر ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی،صوبے مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولیات فراہم کریں گے،اسکے علاوہ مقامی سطح پر صوبوں کی طرف سے اہم کھیلوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے گی۔اجلاس کو بڑے شہروں میں ہاکی ٹرف کے حوالے سے بھی بتایا گیا، اسلام آباد میں اس پر کام مکمل ہے ، واہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔وزیرِ اعظم نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عمران خان نے کہاکہ مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا۔و زیراعظم نے کہاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ عمران خان نے کہاکہ ملک میں کھیلوں میں نواجوانوں کی شرکت بڑھنے سے کھیلوں کا معیار بہتر ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔اجلاس میں وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، چاروں صوبوں کے کھیلوں کے وزرائ، چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت. وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
Home / صفحۂ اول / مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں، وزیر اعظم عمران خان