محکمہ ایکسائز کا نمبر پلیٹس کے سیمپلز ٹیسٹنگ کے لیے بیرون ملک لیبارٹری بھجوانے کا فیصلہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ ایکسائز نے نمبر پلیٹس کے سیمپلز ٹیسٹنگ کے لیے بیرون ملک لیبارٹری بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ، این آر ٹی سی نے نمبر پلیٹس کے27 سیمپلز ایکسائز کو فراہم کر دیئے، جبکہ کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے سمری کیبنٹ کو بھجوادی گئی۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تیار کرانے کے لیے سرکاری کمپنی سے کنٹریکٹ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا، گزشتہ ڈیڑھ سال سے 17 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس زیر التوا ہیں، اسی حوالے سے کنٹریکٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے نمبر پلیٹس کے سیمپلز ٹیسٹنگ کیلئے بیرون ملک لیبارٹری بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق این آر ٹی سی نے 27 مختلف سیمپلز محکمہ ایکسائز کو بھجوا دیئے ہیں، جو کہ رواں ہفتے محکمہ ایکسائز ٹیسٹنگ کیلئے بیرون ملک بھجوائے گا، نمبر پلیٹس کی ٹیسٹنگ پر 4 ہزار یورو خرچ ہوں گے جن کو کمپنی خود برداشت کرے گی، سیمپلز میں گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کی سرکاری، کمرشل اور نیم سرکاری نمبر پلیٹس شامل ہیں، محکمہ ایکسائز نے کنٹریکٹ حتمی منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوا دیا ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس کی سیمپلنگ میں انٹرنیشنل معیار کو مدنظر رکھا جائے گا، ٹیسٹنگ کی مکمل رپورٹ ایک سے 3 ماہ میں ملے گی۔واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 17 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس کی کمی کاسامنا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال سے فیسیں لینے کے باوجود نمبر پلیٹس جاری نہیں کی جاری ہیں۔