اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ جماعتوں پر اچھے برے وقت آتے رہتے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے مشکل وقت میں نوازشریف کا ساتھ دیا۔انہوںنے کہاکہ مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) پر تنقید کر رہے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں آکر اپنا موقف رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا تھا، میری بہت سی باتیں پارٹی تسلیم نہیں کرتی، ان کو دل سے نہیں لگانا چاہیے۔یاد رہے کہ مفتاح اسماعیل موجودہ حکومت اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کے حوالے سے پالیسیز کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔گزشتہ روز بھی انہوں نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے جیو پولیٹکس سے متعلق بیان پر کہا تھا یہ بات درست ہے کہ جیو پولیٹکس ہوتی ہے مگر یہ جیو پولیٹکس ستمبر میں تو شروع نہیں ہوئی۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا اچھا بیٹس مین سوئنگ بولنگ کو کھیلتا ہے اسے آئوٹ ہونے کے بہانے کے طور پر پیش نہیں کرتا، جیو پولیٹکس کے ہوتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کرنا ہی وزیر خزانہ کا کام ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ب) کے جنرل کونسل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرنے والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
Home / پاکستان / خواجہ آصف اپنے ہی سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے کیوں نالاں؟ مفتاح کو بڑا مشورہ دے ڈالا