حکومت پاکستان بچوں کو ہر طرح کے استحصال ، امتیاز اور پسماندگی سے بچانے کےلئے پر عزم ہے، صدر مملکت عارف علوی
بچوں کی حفاظت اور انہیں کسی بھی طبقے ، ذات یا مذہبی تفریق کے بغیر ترقی اور شرکت کے مواقع دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے، بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ حکومت پاکستان بچوں کو ہر طرح کے استحصال ، امتیاز اور پسماندگی سے بچانے کے لئے پر عزم ہے، بچوں کی حفاظت اور انہیں کسی بھی طبقے ، ذات یا مذہبی تفریق کے بغیر ترقی اور شرکت کے مواقع دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق20 نومبر کو ہر سال پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام قومی ، علاقائی اور بین الاقو امی سطح پر مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، بچوں کی حفاظت اور انہیں کسی بھی طبقے ، ذات یا مذہبی تفریق کے بغیر ترقی اور شرکت کے مواقع دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بچوں کو ہر طرح کے استحصال ، امتیاز اور پسماندگی سے بچانے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بچوں کو یکساں مواقع اور زندگی کے ہر شعبے میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم ملک میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بچوں کی زندگی پر مثبت اثر کیلئے اصلاحات کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے ، حکومت نے زینب الرٹ ایکٹ ، جویوینائل جسٹس سسٹم ایکٹ اور آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ جیسے قوانین پاس کیے۔
انہوں نے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قومی کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا، حکومت کے ساتھ ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ہی سمت میں کام کرنے کی ضرورت ہے، بچوں کی فلاح و بہبود کے کام کے لئے تمام سرکاری اور نجی ایجنسیوں کی شراکت ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا ، کارپوریٹ سیکٹر اور والدین بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔