مدارس کی رجسٹریشن وزارتِ تعلیم سے وزارتِ صنعت کے تحت منتقل کرنے کی کوشش مسترد کرتے ہیں، بیان
ا سلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر بحث جاری ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 15 بورڈز میں سے 10 سے زائد وزارتِ تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کے حق میں ہیں جبکہ ملک میں 18 ہزار سے زیادہ مدارس وزارتِ تعلیم کے ساتھ رجسٹر ہو چکے ہیں۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن وزارتِ تعلیم سے وزارتِ صنعت کے تحت منتقل کرنے کی کوشش مسترد کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مدارس کی رجسٹریشن وزارتِ صنعت کے تحت کرنا ملکی قانون اور وحدت کے خلاف ہے، مدارس کی آزادی اور نصاب کے معاملے پر کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں۔علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن الگ قانون سازی کرانا چاہتے ہیں تو حکومت جانے اور وہ جانے۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ ہم تلخیاں نہیں چاہتے، معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 10 مدارس بورڈز کا فیصلہ ہے کہ وہ وزارتِ تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کیحق میں ہیں۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
