لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے پانچ روزہ دورہ پر آئے یونیسکو کے مانیٹرنگ مشن نے لاہور کے دو اہم عالمی تاریخی مقامات لاہور قلعہ اور شالیمار باغ کا دورہ کیا ، یہ دورہ عالمی ورثہ کی حفاظت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو پرکھنے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے کیا گیا۔مشن کی قیادت میں کوموس سے کیان بون، ورلڈ ہیریٹیج سینٹر سے ناو ہایاشی اور یونیسکو پاکستان کے جواد عزیز شامل ہیں۔ مشن نے دوسرے دن لاہور قلعہ کا معائنہ کیا۔ ٹیم نے لاہور قلعہ کے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں کھڑک سنگھ حویلی، اکبری دروازہ، شیش محل، زنانہ مسجد، گوردوارہ، پائین باغ، دیوانِ خاص، اور اکبری محل شامل ہیں۔ ان منصوبوں کو والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور آغا خان کلچرل ٹرسٹ نے مکمل کیا ہے۔ مشن نے ان منصوبوں کی تعریف کی اور تاریخی و ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔تیسرے دن مشن نے شالیمار باغ کا دورہ کیا جہاں انہیں والڈ سٹی اور نیسپاک کی ٹیموں کی جانب سے رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس دورے کے دوران ٹیم نے باغ کی حالت اور آس پاس کے ماحول کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اورنج لائن منصوبے کے اثرات خاص طور پر ٹریفک اور ہوائی جہاز کے شور کی وجہ سے ہونے والی آلودگی کا بھی جائزہ لیا۔ ان مسائل کے باوجود مشن نے ان کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا جو باغ کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
