ڈی ایس پی ،اپر سب آرڈینیٹس ،لوئر سب آرڈینیٹس ،کلاس فور تک ملازمین کو 18سے 40ہزار ماہانہ دیا جائے گا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے دشوار گزار ، کچہ اور بارڈر ایریاز میں فرائض سر انجام دینے والے پولیس افسران واہلکاروں کے لئے ہارڈ ایریا رسک الائونس کی منظوری دے دی گئی ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی جی خان، بھکر اور میانوالی کے بارڈر ایریاز میں تعینات اہلکاروں کیلئے ہارڈ ایریا رسک الائونس کی منظوری دی گئی ،مجموعی طورپر1162افسران و اہلکاروں کو 32کروڑ 30لاکھ 38ہزار روپے ملیں گے۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی خان پولیس کے 565افسران و اہلکاروں کیلئے 13کروڑ 89لاکھ ،بھکر پولیس کے 134افسران و اہلکاروں کیلئے 03کروڑ 33لاکھ 12ہزار ،میانوالی پولیس کے 562افسران و اہلکاروں کیلئے 15کروڑ 08لاکھ 26ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ڈی ایس پی کو 40ہزار اور اپر سب آرڈینیٹس کو 25ہزار روپے ماہانہ ملیں گے، لوئر سب آرڈینیٹس کو 20ہزار جبکہ کلاس فور ملازمین کو 18ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہارڈ ایریا رسک الائونس سے دشوار گزار علاقوں میں تعینات پولیس فورس کے مورال میں اضافہ ہوگا، پولیس فورس پہلے سے زیادہ دلجمعی اور لگن کے ساتھ سماج دشمن عناصر کا قلع قمع یقینی بنائے گی، حکومت پنجاب کے تعاون سے بارڈر ایریاز میں چیک پوسٹوں کو جدید وسائل فراہم سے مضبوط بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پولیس فورس اہلکاروں کی سہولت کیلئے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
