تجارتی مراکز کے علاقوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے’ صدر لوہا مارکیٹ شہید گنج لاہور
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)تاجر رہنما پیاف کے ترجمان و صدرلوہا مارکیٹ شہید گنج لاہور راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ کاروباری رہنمائو ں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے سے پالیسیوں کے نفاذ میں بہتری آئے گی اور ایک سازگار کاروباری ماحول تشکیل پائے گا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور کے تجارتی مراکز میں شدید پارکنگ مسائل ہیں جو کاروبار میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں اور گاہکوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ان علاقوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے اس عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے اور جہاں جگہ محدود ہو وہاں روٹری پارکنگ جیسی جدید سہولیات پر غور کیا جائے۔راجہ وسیم حسن نے کہا کہ صنعتی علاقوں اور تجارتی مراکز میں سکیورٹی کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ان علاقوں میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی پر زور دیا۔ راجہ وسیم حسن نے کہا کہ محفوظ کاروباری ماحول معاشی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور بہتر سکیورٹی اقدامات نہ صرف کاروبار کی حفاظت کریں گے بلکہ سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیں گے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
