گاڑیوں کی اسمبلنگ ،شوگر پراسیسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی جائے گی
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی نیو سپارک ٹیکنالوجی کمپنی کے مسلم سی ای او مسٹر عمر نے ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔کمپنی کے سی ای او نے صوبائی وزیر کو پاکستان اور دیگر ممالک میں اپنے گروپ کی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا ۔چین کے گروپ نے پنجاب میں گاڑیوں کی اسمبلنگ میں سرمایہ کاری کرنے اور شوگر پراسیسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔چین کے گروپ نے مقامی کمپنیوں سے جوائنٹ وینچر میں بھی دلچسپی ظاہرکی۔صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں۔فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں انفراسٹرکچر بہتر کیا جا رہا ہے۔چین کا گروپ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چین کا گروپ خصوصی اقتصادی زونز میں کارخانہ لگائے ،ہرممکن سہولت دیں گے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
