قائد اعظم بزنس پارک میں 8ایکڑ تک اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)چینی کمپنی نے لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا پلانٹ لگانے کیلئے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 8ایکڑ تک اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔یہ مطالبہ چین کی لیتھیئم بیٹریاں بنانے والی بڑی کمپنی اینووینس کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات میں کیا ۔وفد کی قیادت کمپنی کے سی ای او شی یوکن نے کی ۔چین کی سرمایہ کار کمپنی نے پنجاب میں لیتھیئم بیٹریوں کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے میں اظہار دلچسپی کرتے ہوئے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں پلانٹ لگانے کیلئے 8ایکڑ تک اراضی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کا سرمایہ کار گروپ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا پلانٹ لگائے اسے ہر ممکن سہولت دیں گے ،چین کی کمپنی کو پلانٹ لگانے کیلئے درکار اراضی بھی دیں گے ،پنجاب کے صنعتی مراکز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے ،سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے، چین کے سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے ،پنجاب میں چین کی مزید کمپنیوں کی سرمایہ کاری لائیں گے ،چین کی آئکو کمپنی نے پنجاب میں سولر پینلز کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگانے کا معاہدہ کیا ہے ،انرجی سیکٹر میں چین کی مزید کمپنیوں کو سرمایہ کاری کرنے پر راغب کریں گے ۔ کمپنی کے سی ای او شی یوکن نے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریوں کی تیاری میں سرمایہ کاری کرے گا ،ہماری کمپنی کی سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن ،ڈائریکٹرزعمران ہاشمی ،طلہ طارق اور چینی کمپنی کے حکام بھی موجود تھے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
