جزوی تیار خام مال کو جلد سے جلد کلیئر ،طورخم بارڈر پر گرین چینل نظام کا نفاذ کیا جائے ‘ وفد کے مطالبہ
اسلام آباد/لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف کلیکٹر کسٹمز پشاور خواجہ خرم نعیم اورکلیکٹر متین عالم سے ملاقات کر کے طورخم بارڈر سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔وائس چیئرمین ریاض احمد ،مرکزی رہنما عثمان اشرف اور شاہد حسن شیخ نے ایف بی آر کے افسران کو پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے جزوی تیار خام مال کی طورخم بارڈر کے راستے آمدمیں درپیش رکاوٹوںاور اس کے نتیجے میں مختلف ممالک کو برآمدی آرڈرز کی ترسیل میں غیر معمولی تاخیرسے برآمدات پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ طورخم کے راستے آنے والے جزوی تیار خام مال کو جلد سے جلد کلیئر کیا جائے تاکہ حتمی تیاری کے دیگر مراحل کے بعد برآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ وفد نے کہا کہ طورخم بارڈر پر گرین چینل نظام کا نفاذ کیا جائے تاکہ اس طرز کی رکاوٹیں دور ہو سکیں ۔چیف کلیکٹر خواجہ خرم نعیم نے پی سی ایم ای اے کے وفد کو مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ علاوہ ازیں اپنے بیان میں وائس چیئرمین ریاض احمد اور عثمان اشرف نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو اس وقت حکومتی معاونت اورسرپرستی کی اشد ضرورت ہے ۔ طورخم بارڈر کا مسئلہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے لئے بے پناہ مشکلا ت کا باعث ہے ، جزوی تیار خام مال کی افغانستان سے واپسی میں مہینوں کی تاخیر ہو رہی ہے جبکہ پاکستان آمد کے بعد حتمی تیاری میں بھی کئی مراحل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے مینو فیکچررز برآمدی آرڈر زبروقت مکمل کر پا رہے ہیں اور نہ ہی ان کی طے شدہ معاہدوں کے مطابق ترسیل ہو رہی ہے جس کے برآمدات اور زر مبادلہ کے حصول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیںکہ ایف بی آر کے افسران ہماری گزارشات کو سنیں گے اور مشکلات کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
