سرکاری افسران ، ملازمین کی اے سی آرز، چھٹی،ٹرانسفر آرڈرز ، پنشن کے عمل کو ای فاس سے منسلک کیا جائے گا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبہ میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم کو پیپر لیس بنانے کی ہدایت کی ہے، سرکاری افسران اور ملازمین کی اے سی آرز، چھٹی،ٹرانسفر آرڈرز ، پنشن کے عمل کو ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم (E-FOAS) سے منسلک کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے عوام کو معلومات اور خدمات کی آسان آن لائن دستیابی کیلئے محکموں کو اپنی ویب سائٹس مکمل فعال کرنے سے متعلق احکامات بھی جاری کئے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سیکرٹریز کانفرنس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں محکموں میں اصلاحات، ای گورننس اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ای فاس اور ای پروکیورمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے، پیپر لیس ورکنگ سے کام کے طریقہ کار میں جدت اور شفافیت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روائتی فائل سسٹم ختم ہونے سے اخراجات میں کمی اور کام کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے سلسلے میں ٹائم لائنز پر ہر صورت عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کے بروقت اور شفاف استعمال کو یقینی بنائیں، فنڈز کا لیپس ہونا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ تعمیراتی کام میںشفافیت اور معیار کیلئے ترقیاتی سکیموں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن لازمی کرائی جائے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
