رانا طاہراقبال نے 44ہزار535،پی ٹی آئی کے اعجاز حسین نے 20ہزار93ووٹ حاصل کئے
شیخوپورہ /لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کر لی ، فاتح امیدوار رانا طاہراقبال نے 44ہزار535ووٹ جبکہ تحریک انصاف کے اعجاز حسین بھٹی نے 20ہزار93ووٹ حاصل کئے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر رانا طاہر اقبال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے انتشاری ٹولے کو یکسر مسترد کردیا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی اوروفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے بھائی رانا افضال حسین کے انتقال سے خالی ہونے والے حلقہ پی پی 139میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو ئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی ، ضمنی انتخاب کے موقع پر حلقے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا ۔ پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سیاسی کارکنوں میں چھوٹی موٹی توں تکرار چلتی رہی تاہم پولیس بروقت مداخلت کر کے بیچ بچائو کراتی رہی اور مجموعی طور پر پولنگ پر امن رہی۔ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی طرف سے رانا طاہر اقبال ، تحریک انصاف کے اعجاز حسین بھٹی اورتحریک لبیک کے محمد فاروق الحسن سمیت 8امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ حلقے میں 1لاکھ93ہزار ووٹرز کے لیے 124پو لنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے ہیں ۔پولنگ کے دوران 78634رہی جس کے 1385ووٹ مسترد قرار دئیے گئے ، ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کی شرح41.4فیصد رہی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رانا طاہر اقبال نے 44ہزار535ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ، پاکستان تحریک انصاف کے اعجاز حسین بھٹی 20ہزار93ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ،تحریک لبیک کے محمد فاروق الحسن 7196 لے کر تیسرے جبکہ آزاد امیدوار میاں عبد الرئوف نے 6695ووٹ حاصل کئے جبکہ باقی امیدوار قابل ذکر ووٹ حاصل نہ کر سکے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
