لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کو آلو کے بیج کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لیے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈی سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر ٹاسک فورس شبیر احمد خان، پوٹیٹو گروز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری مقصود جٹ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں آلو کے بیج کی تیاری اور پیداوار بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ تفصیلی غور خوض کے بعد مختلف تجاویز کو عمل شکل دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ یہ کمیٹی ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس شبیر احمد خان کی سربراہی میں کام کرے گی۔ دیگر ممبران میں پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے خالد فاروق، چوہدری مقصود جٹ اور ارشد گل اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈائریکٹر فارمز ملک ندیم الحق اعوان شامل ہیں۔ یہ طے کیا گیا کہ کمیٹی اپنی سفارشات 15 روز میں مرتب کرے گی اور سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
