لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں مہم 22 دسمبر ،33 اضلاع میں 20 دسمبر تک جاری رہے گی
لاہور( ڈیلی پاکستان آئن لائن)پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 16 دسمبر سے ہو گا،لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی،دیگر 33 اضلاع میں مہم 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔2کروڑ 33لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکردیاگیا۔ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ قومی ایجنڈا، تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے صوبوں کے مابین تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سو فیصد کوریج یقینی بنانے کیلئے مائیکرو پلانز بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی خطرے کی علامت ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے انسداد پولیو مہم کا معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیرنے کہاکہ پولیو پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کا تسلسل ضروری ہے۔بین الاقوامی اداروں نے بھی پولیو کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے۔صوبائی سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ 16 دسمبر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے۔قطرے پلانے کیلئے 85 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

