تمام ناکارہ گاڑیوں کی فہرست ایک ہفتے میں مکمل کی جائے ‘ ایم ڈی علی ارشد رانا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں پی ایس سی ڈائریکٹرز کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 100روزہ ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ایس سی کے لیے مزید زمین حاصل کرنے کے لیے کیس بورڈ آف ریونیو کو بھیج دیا گیا ہے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن قوانین، حقوق و فرائض سے آگاہ کرنا اور ان قوانین کی اردو زبان میں اشاعت پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تھیم مکمل ہو چکا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن نے ہدایات جاری کیں کہ تمام ناکارہ گاڑیوں کی فہرست ایک ہفتہ میں مکمل کرکے ان کو نیلامی کے لئے پیش کیا جائے۔ اجلاس میں ضروری سٹاف کی بھرتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ گندم کے موجودہ ذخائر کی فروخت کے حوالہ سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی فروخت مرحلہ وار کی جائے۔ ایم ڈی سیڈ کارپوریشن نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مختلف اضلاع میں موجود پلاٹس پر تعمیرات کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ نئی ویب سائٹ پر کام جاری ہے اور ہدایت کی گئی کہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کپاس، برسیم، جوار، مونجی، مکئی اور کینولہ کی پیداوار کے لئے تفصیلی پلان بنانے کی ہدایت کی اور سٹاف کے لیے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام اہداف کی تکمیل جلد از جلد مکمل کی جائے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
