موسمی تبدیلیوں کا مقابلہ ،بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والے بیج کی اقسام تیار کرنا ہوں گی
کئی بیج ہمارے اپنے ڈویلپ کئے ہوئے ہیں،پہلی بار پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تھیم بن رہا ہے ‘ مینیجنگ ڈائریکٹر
لاہور( انٹر ویو فیصل محمود اعوان )مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح پنجاب سیڈ کارپوریشن کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انوویشن کی طرف جانا ہے اور اس کیلئے 100دن کا ٹرانسفارمیشن پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت پنجاب سیڈ کارپوریشن کی امیج بلڈنگ ،مارکیٹنگ کو جدید بنیادوں پر استوار ،ریسرچ ،بیج اور پروسیسنگ پلانٹس کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے گا،خطے کے دیگر ممالک کو بھی سٹڈی کیا جاتا ہے ،ہمارے پیش نظر پنجاب سیڈ کارپوریشن کی بہتری کرنا ہے اس لئے چین کی بیج تیار کرنے والی کمپنیوں سے جوائنٹ ونچر سمیت اس طرز کی دیگر تجاویز پر غور کیا جا سکتا ہے ۔خبر رساں ادارے ” این این آئی ” کو دئیے گئے خصوصی انٹر ویو میں مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا کہ ہمارا یہ عزم ہے کہ پنجاب سیڈ کاپوریشن کو کارپوریٹ انداز میں چلانا ہے جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر 100دن کا ٹرانسفارمیشن پلان تیار کیا گیا ، محکمے کے تمام افسران اور عملہ اس میں اپنی بھرپور معاونت اور کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں میںپاکستان کے موسم میںبہت تبدیلی آئی ہے اس لئے ہمیں موسمی تبدیلیوں کا مقابلہ اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والے بیج کی اقسام تیار کرنا ہوں گی ۔،خاص طور پر پنجاب میں کاٹن کی فصل موسمی تبدیلیوں سے بہت متاثر ہوئی ہے، ہم پر عزم ہیں کہ کاٹن کا ریواول ہو کیونکہ اس سے ہماری معیشت چلتی ہے ۔ٹرانسفارمیشن پلان میں یہ بھی بنیادی ہدف ہے کہ ریسرچ پر مزید کام کیا جائے ، اس کے لیبارٹریز کو جدید بنایا جائے گا اورمطلوبہ مشینری لینے کے لئے عملی پیشرفت کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کی حکومت پنجاب کی جانب سے ایک نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیاہے جس کے تحت پنجاب سیڈکارپوریشن کا نیا بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا گیا ہے جس میں نجی شعبے سے بھی ماہرین کو لیا گیا ہے ،بورڈ میں زرعی یونیورسٹیوں ،زرعی کمپنیوں ،کسان ، زرعی تحقیق کرنے والے ماہرین اور اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے مزید بتایا کہ پہلی بار پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تھیم بن رہا ہے ،اس کے تحت پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر سمیت دیگر عمارتوں، سیل پوائنٹس ، پروسیسنگ یونٹس اور بیگز کو تھیم کے تحت ایک ہی رنگ دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن نے وقت کے ساتھ اپنے سیڈ ڈویلپ کئے ہیں ،گندم کا 100فیصد سیڈ ہمارا اپنا ہوتا ہے ،چاول کا99،کپاس کا بھی 100فیصد اپنا سیڈ ہوتا ہے ،دالوں کے کچھ بیچ درآمد کر رہے ہیں لیکن ان سیڈ ز پر بھی کام جاری ہے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

