لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کو آلو کے بیج کی پیداوار میں خودکفیل بنانے کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر ٹاسک فورس شبیر احمد خان نے کی۔اجلاس میں ڈی ایم ڈی شمشاد اصغر وڑائچ، ڈاکٹر ساجد نواز، چوہدری مقصود جٹ، چوہدری ارشد گل، شاہد قادر، ملک ندیم الحق اور عامر سہیل بھٹی نے شرکت کی۔اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں طے پایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن انڈینٹر سے پرمٹ لے کر بیرون ممالک سے آلو کا معیاری بیج درآمدکرے گااورپنجاب سیڈ کارپوریشن اپنے زیر انتظام سیڈ فارمز پر کوپیا کے تعاون سے آلو کی مختلف اقسام کا بیج تیار کرے گا جو کہ آلو کے کاشتکاروں کو ارزاں نرخوں پر مہیا کیا جائے گا ۔ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر ٹاسک فورس شبیر احمد خان نے بتایا کہ ہالینڈ سے ایک وفد پاکستان کے دورے پر آ رہا ہے جس کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ٹشو کلچر لیب کا دورہ کروایا جائے گا ، ہالینڈ سے ٹشو کلچر لیب کو اپ گریڈ کرنے کے لیے معاونت حاصل کی جائے گی جو آلو کی پیداوار بڑھانے میں نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
