مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن سے علی اکبر گروپ کے چیئرمین سعد اکبر کی ملاقات ، معیاری بیجوںبارے تبادلہ خیال
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ سیڈ سیکٹرز کے باہمی اشتراک سے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے علی اکبر گروپ کے چیئرمین سعد اکبر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں معیاری بیجوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ایم ڈی سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا کہ پرائیویٹ سیڈ سیکٹر کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہم ان کی قیمتی آرا ء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔علی اکبر گروپ کے چیئرمین سعد اکبر نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے معیاری بیجوںکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ادارے کی پیروی کرتے ہیںاور آپ کی پالیسیوں کو پیش نظر رکھ کر ہی آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمینداروں کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے بیجوں کی تیاری کی جائے، ریسرچ اداروں کی مشاورت سے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری اور کسانوں کو ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔ سعد اکبر نے کہا کہ ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ملاقات کی دعوت دی اور معیاری بیجوں کے ذریعے زراعت اور کسانوں کی فلاح کے بارے میں سوچا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
