لاہور ٹیکس بار کے زیر اہتمام ”پاکستان میں ٹیکس قوانین کے بنیادی اصول ”کے عنوان پر سیمینار
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ”پاکستان میں ٹیکس قوانین کے بنیادی اصول ”کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا سیمینار کے مہمان خصوصی چیف کمشنر آر ٹی او لاہور احمد شجاع خان تھے ۔اس موقع پر لاہور ٹیکس بار کے صدر شہباز صدیق،جنرل سیکرٹری انیب اختر انصاری،نائب صدر میاں محمد زاہد،فنانس سیکرٹری حسن یوسف،جوائنٹ سیکرٹری احمد رضا،لاہور ٹیکس بار کے سابق صدر زاہد پرویز سمیت ٹیکس بار کے ممبران اور ایف بی آر کے افسران بھی موجود تھے۔ٹیکس بار کے صدر شہباز صدیق اورجنرل سیکرٹری انیب اختر انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس کلچر ،زمینی حقائق اور لٹریسی ریٹ کو دیکھا جائے تو یہاں پر ٹیکس قوانین بہت مشکل اور پیچیدہ ہیں اور بعض اوقات ادارے کی طرف سے بھی ان کا درست اطلاق نہیں کیا جاتا۔لاکھوں کی اسیسمنٹ کوکروڑوں کر دیا جاتا ہے جسے ثابت کرنے کے لیے وقت کے ساتھ ادارے کا سرمایہ بھی ضائع ہوتا ہے ۔کاروبار کرنے والوں کے لئے ہر گھنٹے تبدیل ہوتے قوانین اور نئے آنے والے سرکلرز اور نوٹیفکیشن کو سمجھناناممکن ہے۔ایف بی آر کو ٹیکس قوانین کو آسان اور سادہ بنانا چاہیے اور اس کا اطلاق درست ہونا چاہیے کیونکہ ہائیکورٹ میں نوے فیصد کیسز ٹیکس پیئر زکے حق میں آتے ہیں ۔اس موقع پر سوالات جوابات کا سیشن بھی ہوا اورچیف کمشنر ایف بی آر احمد شجاع خان نے جوابات دیئے۔چیف کمشنر احمد شجاع خان نے کہا کہ ٹیکس قوانین کے بنیادی اصول بہت سادہ اور آسان ہیں ،ٹیکس کی پریکٹس سول کریمینل قوانیںسے بالکل مختلف ہے،ٹیکس قوانین پر عبور حاصل کرنا ہی اصل مقصد ہے جس کی بنیاد پر تمام کیسوں کی اہمیت آپ کو سمجھ آئے گی اور آپ بہتر پروسیڈنگ کے لیے تیار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے آن لائن سسٹم میں بعض اوقات مسائل ضرور آتے ہیں ،پوائنٹ آف سیلز سسٹم کی وجہ مسائل آ ئے ہیں کیونکہ ان میں انوائسز کا مسئلہ آتا ہے لیکن ایف بی آر کے افسران مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور ٹیکس بار کی ٹیکس ایجوکیشن کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔آخر میںلاہور ٹیکس بار کی جانب سے چیف کمشنر ایف بی آر کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
