ودہولڈنگ ایجنٹس کیلئے ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں سے لین دین ،دوہرا ٹیکس اکٹھا کرنا مشکل کام
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس اہداف کا 75فیصد سے زیادہ ریونیو ودہولڈنگ ٹیکسز کے ذریعے اکٹھا کرتا ہے،ود ہولڈنگ کے سیکشن42.2کے ذریعے ان لوگوں سے بھی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے جو ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار میں ہی نہیں آتے،ودہولڈنگ ایجنٹس کے لیے ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں سے لین دین اور دوہرا ٹیکس اکٹھا کرنا بہت مشکل کام ہے ۔ان خیالات کا اظہار لاہور صد ر شہباز صدیق،نائب صدر میاں محمد زاہد،جنرل سیکرٹری انیب اختر انصاری،فنانس سیکرٹری حسن یوسف،جوائنٹ سیکرٹری احمد رضا نے لاہور ٹیکس بار کے زیراہتمام ودہولڈنگ کے سیکشنز پر سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔سیمینار کے مہمان خصوصی ایف بی آر لاہورکے اپیل کمشنر فیصل اصغر،گیسٹ آف آنر پاکستان ٹیکس بار کے سابق صدر محسن ندیم،چیئرمین لاہور ٹیکس بار اکیڈمی محمد ندیم بٹ تھے۔اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار کے سینئر نائب صدر فاروق مجید،سابق جنرل سیکرٹری چودھری قمرالزمان سمیٹ ٹیکس بار ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ تمام جرمانے،ڈیفالٹ ،سرچارج،سزائیں اور قانونی کارروائی ودہولڈنگ ایجنٹس کا مقدر بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروبار اور بزنس سر گرمیاںنہ ہونے کی وجہ سے ودہولڈنگ ٹیکسز کے ریٹس میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے جس کا سارا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ بجائے حکمت عملی اور پائیدار حل تلاش کرنے کے بغیر سوچے سمجھے ٹیکس ریٹس بڑھا دیئے جاتے ہیں تاکہ ٹیکس اہداف پورے ہوجائیں چاہے ،ودہولڈنگ ایجنٹس کے حوالے سے بھی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی اوریہی وجہ ہے ادویات سے لے کر تمام مصنوعات کی قیمتوں تبدیل ہو رہیں۔ انہوںنے کہا کہ پالیسی میکرز کی غلط سوچ کی وجہ سے صرف عوام نشانہ بن رہے ہیں۔مطالبہ ہے کہ اصل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

