وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ،21نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج پیر کے روز جس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شام 4 بجے وزیراعظم ہائوس میں ہوگا جس میں 21 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔ایجنڈے میں بگاس سے بجلی بنانے والے 8 پاور پلانٹس کے ٹیرف کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، ان آٹھ کمپنیوں میں جے ڈی ڈبلیو، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، الموعیز، انڈسٹری، تھل انڈسٹریز اور چنار انرجی شامل ہیں۔اجلاس کے دوران ٹیکس کے حصول کیلئے کئے گئے اقدامات پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی، وزرا ء اور وفاقی سیکرٹریوں کو بیرون ملک بزنس کلاس پر سفر کی اجازت پر غور ہوگا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2024 کی منظوری پر بھی فیصلہ ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ بیرون ملک پاکستان چیئرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی متوقع ہے۔اجلاس میں مارکیٹ میں یوریا قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو اسٹریٹجک ریاستی ادارہ قرار دیا جائے گا، ادویات کیلئے قومی قیمت کمیٹی کی تشکیلِ نو پر بھی کابینہ بحث کرے گی۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
