لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف، بانی پی پی ٹی اور آصف زرداری مذاکرات کے لئے بیٹھ جائیں تو زیادہ بہتر ہو گا۔ خواجہ رفیق شہید فائونڈیشن کے زیر اہتمام خواجہ رفیق شہید کی 52ویں سالانہ برسی کے سلسلہ میں ”بحرانوں میں گھرا پاکستان ، اصلاح احوال کیسے ہو ”کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو مذاکرات پر بیٹھنے سے پہلے غلطیوں اور کوتاہیوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 73 کے آئین کے بعد میثاقِ جمہوریت ایک مقدس دستاویز ہے، میثاقِ جمہوریت سے پہلے ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے غلطیوں کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے پی ٹی آئی کے خلاف جھوٹے مقدمات بنوائے گئے، مقدمات تو ہمارے خلاف بھی جھوٹے تھے، اگر اپنا آج کا سچ منوانا ہے تو ہمارا کل کا سچ بھی تسلیم کرو، کم از کم اظہار افسوس ہی کر دو۔انہوں نے کہا کہ 40سالہ سیاست بحران کا نچوڑ یہ ہے کہ سرجوڑ کر بیٹھے بغیر بحران سے نہیں نکل سکتے، مذاکراتی کمیٹی کے ارکان صرف اداکار ہیں، پروڈیوسر خواجہ سعد رفیق ہیں۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
