مریم نواز کا مقصد چین کی طرح آلودگی کیخلاف جنگ جیتنا ،عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے’مریم اورنگزیب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی فضائی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محکمہ تحفظ ماحول نے نان زگ زیگ بھٹوں اور آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے،محکمہ تحفظ ماحول نے کارروائیوں کے دوران متعدد بھٹوں کو منہدم اور صنعتی یونٹس کو سیل کردیا۔انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ لیہ میں 4 اور پاکپتن میں 2 نان زگ زیگ بھٹے منہدم کیے گئے، جن کی کل تعداد 6 بنتی ہے۔لاہور میں 5صنعتی یونٹس(انجینئرنگ ورک یونٹ، زیر تعمیر سائٹ، واشنگ یونٹ) سیل کیے گئے، جبکہ باقی پنجاب میں 5 مزید یونٹس (3 کیمیکل یونٹس، 1 آئل مِل، 1 فوڈ یونٹ) کو سیل کیا گیا۔ یوں مجموعی طور پر 10 یونٹس بند کیے گئے۔کارروائی میں لیہ اور جھنگ میں ایک ایک نان زگ زیگ بھٹہ گرائے گئے، جن کی کل تعداد 2 رہی۔لاہور میں 2 ماربل کٹنگ یونٹس سیل، پنجاب میں 4 مزید صنعتی یونٹس (2 چپ بورڈ یونٹس، 1 بھٹہ، 1 اسٹون کرشر)سیل۔ مجموعی طور پر 6 صنعتی یونٹس بند کیے گئے۔ لاہور میں خصوصی مہم کے دوران 55صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 2 کو سیل کیا گیا۔ کمرشل جنریٹرز کی انسپیکشن بھی جاری ہے، جن میں سے 1 اور ماربل کٹنگ مشین کے 2 یونٹس بھی سیل کردیئے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چین کے انسدادسموگ اقدامات ہمارے لیے ایک نمونہ ہیں۔چین کی طرح سموگ کے خلاف ہم بھی برسرپیکار ہیں اورہر سطح پر اقدامات کر رہے ہیں۔”مریم نواز شریف کا مقصد چین کی طرح آلودگی کے خلاف جنگ جیتنا اور عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ ”چین نے سخت ماحولیاتی قوانین، کلین انرجی کے فروغ اور سخت انڈسٹریل ریگولیشنز کے ذریعے سموگ پر قابو پایا۔ ہم بھی زگ زیگ ٹیکنالوجی، کلین انرجی کے منصوبے اور صنعتی قوانین کے نفاذ کے ذریعے اپنے شہروں کو سموگ سے پاک بنا رہے ہیں۔”حکومتی ادارے، صنعتکار اور عوام مل کر آلودگی کے خاتمے کے لیے کام کریں۔چین کی طرح ہم بھی بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے، کوئلے کی بجائے صاف توانائی کے ذرائع اپنانے، گاڑیوں کے اخراج پر سخت کنٹرول اور شہریوں میں آگاہی مہم پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف چین کے کامیاب ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے نفاذ، گرین ایندھن کے استعمال اور صنعتی آلودگی کے اخراج پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کررہی ہیں۔”ہم چین کے ماڈل سے سیکھ رہے ہیں اور پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کریں گے۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سخت قوانین کے ذریعے ہم فضائی آلودگی کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔”چین کی ماحولیاتی پالیسیوں کو اپنانا پاکستان کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی ثابت ہو سکتی ہے۔ حکومت صنعتوں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانے پر راغب کرنے کے لیے سبسڈی دے رہی ہے۔مریم نواز شریف کسانوں کو فصلوں کی آتشزدگی سے روکنے کے لیے ایک ہزارسپرسیڈرزکی فراہمی کے بعد مزید 4ہزار سمارٹ سپرسیڈرز دیں گی۔ شہر بھر میں ویٹ سویپنگ،پانی کا چھڑکائو اور کوڑا دانوں کی صفائی و دھلائی کا عمل جاری ہے۔اسکولوں اور جامعات میں آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے تاکہ نوجوان نسل ماحول کی اہمیت کو سمجھ سکے اور اس سلسلے میں کردار ادا کرے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ عوام 1373پر غیرقانونی بھٹوں اور آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کی اطلاع فراہم کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
