ریسرچ پر بھی بھرپور توجہ مرکوز ہے ، ٹرانسفارمیشن پلان کی تکمیل سے ادارے کو مضبوط بنیاد ملے گی ‘ ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی ارشد رانا نے کہا ہے کہ ریسرچ پر بھی بھرپور توجہ مرکوز کی ہے ،موسمی حالات سے مطابقت اور مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مطابقت رکھنے والے معیاری بیجوں کی تیاری اولین ترجیح ہے ، سو روزہ ٹرانسفارمیشن پلان کی تکمیل سے ادارے کو مضبوط بنیاد ملے گی ۔ اپنے بیان میں ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا کہ تمام افسران اور ملازمین انتہائی لگن اور جذبے سے طے کئے گئے اہداف کے حصول کے لئے دن رات کوشاں ہیں،ادارے کی مجموعی بہتری کے لئے جو اقدامات اٹھائے تھے اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں،ہمارے پیش نظر کسانوں کو زیادہ پیداوار دینے والے معیاری بیجوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسفارمیشن پلان میں ہدف مقرر کر کے اس پر پیشرفت کے لئے بھی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ، ٹرانسفارمیشن پلان کی تکمیل سے ہم سیڈ کارپوریشن کو کارپوریٹ ادارے کی شکل دینے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت کی رہنمائی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے زراعت کی ترقی کے وژن کی تکمیل کے لئے برق رفتاری سے پیشرفت جاری ہے جس سے نہ صرف پنجاب زراعت کی ترقی میںنئی منازل طے کرے گا بلکہ اور اس سے کسان بھی خوشحال ہوگا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
