لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات،چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے سکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چھٹہ،ایڈیشنل ڈی جی پی ایس ڈی اے اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ڈی جی پی ایس ڈی اے صاحبزادی وسیمہ عمر نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کی رجسٹریشن اور فنی تعلیم کے جاری پروگراموں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں شاندار خدمات پر خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا۔اجلاس میں فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی خدمات کو سراہا گیا اور ان سے استفادہ کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے جامع سکل ڈویلپمنٹ پالیسی دی گئی ہے۔سرکاری سکولوں میں آئندہ سال سے میٹرک ٹیک سکیم شروع کی جارہی ہے۔میٹرک ٹیک میں فیشن ڈیزائننگ،ایگرکلچر سائنس،ہیلتھ سائنس اور کمپیوٹر سائنس کے مضامین شامل ہوں گے۔میٹرک ٹیک پروگرام اور نصاب کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ فیشن ڈیزائننگ میں معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے کوشاں ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں میٹرک ٹیک اور میٹرک ووکیشنل متعارف کرانے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ٹیکنالوجی کورسز بارے لوگوں کو آگاہی دینا بھی ضروری ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
