سبزہ زار میں غیر قانونی سلاٹر ہائوس پر چھاپہ ،1000کلو مضر صحت گوشت تلف
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہوریوں کو بیمار گوشت کھلانے کی ایک اور گھنائونی کوشش ناکام بنا دی گئی ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور نے سبزہ زار میں غیر قانونی سلاٹر ہائوس پر چھاپہ مارا ۔1000کلو مضر صحت گوشت تلف کر کے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ بیمار نیم مردہ جانور کو ذبح کرنے کے ٹھوس شواہد ملنے پر ایکشن لیا گیا،خراب آنکھیں، معدہ کے موذی امراض ،دل اور پھیپڑوں کے عارضے میں مبتلا جانور برآمد کیا گیا۔ بیمار جانور کو انتہائی گندی خون آلود جگہ اور بدبودار ماحول میں تیار کیا جارہا تھا۔ انتہائی مضر صحت گوشت تیار کرنے پر غیر قانونی سلاٹر ہاس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔عاصم جاوید نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیمار جانوروں کے گوشت کی تیاری اور ترسیل سنگین جرم ہے،مضر صحت گوشت تیار کر کے میٹ شاپ کو سپلائی کیا جانا تھا۔ جعلسازی کا گھنانا دھندہ کرنے والوں کے عزائم کو ناکام بنا کر گوشت تلف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیمار جانوروں کے گوشت کا کھانے میں استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔ عوام تک معیاری گوشت کی فراہمی کیلئے سپیشل میٹ ٹاسک فورس کام کر رہی ہے۔پنجاب میں خوراک کا کاروبار مقررکردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب کے ہر کونے سے جعلسازوں کو نکال بھگانا ہمارا نصب العین ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
