لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج اور لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) فقیر محمد انتقال کرگئے۔ وہ ایک عرصے سے علیل تھے اور گزشتہ ہفتے ہی انہیں لاپتہ افراد کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی تقرری کے وقت جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھے اور ان کی صحت کے بارے میں تشویشناک خبریں سامنے آ رہی تھیں۔اہل خانہ نے سپریم کورٹ کے سابق جج فقیر محمد کھوکھر کے انتقال تصدیق کردی۔یاد رہے کہ جسٹس فقیر محمد کھوکھر کا تعلق پاکستان میں جبری گمشدگیوں کے معاملات کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن سے تھا، جسے پہلی بار 2010میں قائم کیا گیا تھا۔ اس سے قبل اس کمیشن کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ کمال منصور عالم اور بعد ازاں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کی تھی۔گزشتہ ہفتے ہی حکومت نے جسٹس (ر) فقیرمحمد کھوکھر کو جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جگہ لاپتہ افراد کمیشن کا سربراہ مقررکرنے کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، جسٹس (ر) جاوید اقبال کو 2011میں لاپتہ افراد کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔22جنوری کو لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمی کو آگاہ کیا تھا کہ حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جگہ نیا کمیشن سربراہ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر کو مقرر کردیا ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
