اختلافات کو ختم کرنے اور غزہ کے معاملات کے انتظام میں مشترکہ رابطہ کاری اور تعاون پر اتفاق
قاہرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک حماس نے غزہ کی انتظامیہ اور پٹی میں کمیونٹی سپورٹ کمیٹی کے قیام کے حوالے سے مصر کی تجویز سے اتفاق کرنے کا اعلان کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس نے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ حماس اور فتح کے وفود نے قاہرہ میں اپنی مشاورت ختم کر دی ہے۔ اس مشاورت میں دونوں تحریکوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے اور غزہ کے معاملات کے انتظام میں مشترکہ رابطہ کاری اور تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے ایک وفد نے مصری دارالحکومت قاہرہ میں اپنی ملاقاتیں ختم کردی ہیں۔ اس نے تحریک فتح کے ساتھ غزہ کی پٹی کے انتظام کے لیے ایک کمیٹی کی تشکیل کے بارے میں گہرائی سے بات چیت کی۔ اس بات چیت میں جامع معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے اتفاق کیا گیا تھا۔ قومی اتحاد کی تشکیل اور تقسیم اور اس کے متعدد اثرات کو مکمل طور پر ختم کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔حماس نے مزید کہا کہ تحریک کے وفد نے شرکا کو جامع قومی میکانزم کے ذریعے کمیونٹی سپورٹ کمیٹی کے قیام کے حوالے سے مصر کی طرف سے پیش کردہ تجویز کی منظوری سے آگاہ کیا۔انھوں نے انکشاف کیا کہ مصر گزشتہ جولائی سے معطل ہونے والے مذاکراتی راستے کو بحال کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ حماس قیدیوں کے حوالے کیے جانے کے بعد اسرائیل کے دوبارہ گولہ باری شروع کرنے کے خوف کی وجہ سے مذاکرات کو منقسم نہ کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
