خطے کے ممالک کا جائزہ لیا جائے وہاں برآمدی شعبوں کیلئے کیا مراعات اور ریلیف ہے ‘ سابق صدر لاہور چیمبر
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے کی بجائے حکومت نت نئے ناموں سے جتنے مرضی پروگرام اور منصوبے شروع کر لے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا ،وزیر اعظم ، وزیر خزانہ سمیت تمام حکومتی ذمہ دار یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ معیشت کی ترقی کے لئے برآمدات کو فروغ دینا ہوگا لیکن اس کے برعکس برآمدی شعبوں کے ساتھ کیا سلوک کیاجارہا ہے ۔ اپنے بیان میں پرویز حنیف نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اپنی نیت ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ، دنیا کو چھوڑیں خطے کے ممالک کا ہی جائزہ لیا جائے وہاں برآمدی شعبوں کے لئے کیا مراعات اور ریلیف ہے ، ہماری صنعتوں کو جس قیمت پرتوانائی مل رہی ہے کیا ہم عالمی منڈیوں میں حریف ممالک کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہر جگہ سرخ فیتہ حائل ہے اور اس کے لئے وہی لوگ ذمہ دار ہیں جو وزیر اعظم کے ” اڑان پاکستان ” پروگرام کی پروقار تقریب میں اگلی نشستوں پر براجمان ہوتے ہیں اور وزیر اعظم کاخطاب براہ راست سن رہے ہوتے ہیں۔ پرویز حنیف نے کہاکہ حکومت بیورو کریسی کی ضرور سنے لیکن اسٹیک ہولڈرز کو بھی مشاورت کے لئے بلاکر ان کے نقطہ نظر سے آگاہی حاصل کی جائے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
